کیا ایلون مسک پاکستان پہنچے ہیں؟ حقیقت حیران کن

امریکی بزنس ٹائیکون اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک سے مشابہہ ایک شخص کی پاکستانی لباس میں ملبوس تصویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین حیران ہیں۔

ٹیسلا کاریں بنانے والی کمپنی کے بانی امریکی بزنس ٹائیکون اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک سے کون واقف نہیں بالخصوص سوشل میڈیا سے وابستہ ہر شخص انہیں بخوبی جانتا ہے۔ آج کل ایلون مسک سے مشابہہ ایک شخص کی تصویر نے پاکستانی سوشل میڈیا پر ہلچل مچائی ہوئی ہے جس میں وہ ایک غریب علاقے میں پاکستان لباس زیب تن کیے دکھائی دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر یہ تصویر وائرل ہوتے ہی جہاں دلچسپ تبصرے شروع ہوئے وہیں کچھ لوگوں نے یہ بھی قیاس کیا کہ کہیں دیگر نامور فلاحی شخصیات کی طرح ایلون مسک بھی غریب عوام کی داد رسی کے لیے پاکستان تو نہیں پہنچ گئے تاہم جب حقیقت کھلی تو سب حیران رہ گئے۔

پاکستان کے غریب آبادی میں گھومنے والا یہ شخص ٹوئٹر کا مالک ایلون مسک نہیں بلکہ ایک پاکستانی ہے جس کی شکل وصورت ناقابل یقین حد تک ایلون مسک سے ملتی جلتی ہے جو حقیقت میں رمضان میں افطار کے لیے فروٹ خریدنے مارکیٹ نکلا تھا کہ کسی نے تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

تصویر کی حقیقت کا پتہ چلتے ہی سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کی بھرمار شروع ہوگئی۔

کسی نے اسے پاکستانی ایلون خان قرار دے ڈالا تو کسی نے کہا کہ ایلون غریب پاکستانیوں کی مدد کرنے پاکستان پہنچا ہے۔ اس حوالے سے ٹوئٹر، فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ پر میمز تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے۔

متعدد انٹرنیٹ صارف نے تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی ایلون خان فروٹ چاٹ خرید رہا ہے‘۔

 

کئی صارفین نے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے مختلف میمز کو بھی استعمال کیا اور تصویر میں موجود شخص کی حالت کی عکاسی کو مزاحیہ انداز دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان میں مہنگے پھل خریدنے کے بعد ایلون ماسک کی حالت بری ہوگئی‘۔

 

ایک صارف نے طنزیہ لکھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ ’ایلون مسک‘ بھیس بدل کر غریب پاکستانیوں کے درمیان موجود ہیں، میں نے سنا ہے وہ ایک غریب پرور اور مہربان شخص ہے‘۔

 

ایک صارف نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایلون مسک کی نایاب فوٹو، بہتر مستقبل کے لیے امریکا جانے سے پہلے وہ پاکستان کے دور دراز گاؤں میں الیکٹریشن کا کام کرتا تھا۔