لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا نے سیاسی کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار معمر رانا نے اپنی اہلیہ مہناز کے ہمراہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد اور سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
معمر رانا نے پیپلز پارٹی کے منشور اور پروگرام سے اتفاق کرتے ہوئے پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب کی جانب سے لاہور میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں معمر رانا سمیت دیگر اداکار شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ساجد حسن نے اپنے اہل خانہ سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف اداکار ساجد حسن نے کراچی میں موجود پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور سیاسی سفر کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
ساجد حسن کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے اور اس وقت بلاول سے بہتر انتخاب کوئی اور نہیں ہے‘۔
دو برس قبل ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکاروں ایوب کھوسہ اور قیصر نظامانی نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد دونوں کو پی پی قیادت نے ملکی کلچر مضبو ط کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔
ایوب کھوسہ کو پیپلزپارٹی کی جانب سے حالیہ انتخابات میں ٹکٹ بھی جاری کیا گیا تھا جس میں وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔