18 سالہ برطانوی نژاد پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ کا شاندار کارنامہ

18 سالہ برطانوی نژاد پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ کا شاندار کارنامہ

لندن: 18 سالہ برطانوی نژاد پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ نے چار عالمی ریکارڈ قائم کردیے ، جس کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی میں میڈیسن کی تعلیم کے لیے داخلہ بھی مل گیا۔

برطانوی نژاد پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ نے محض 18 برس کی عمر میں شاندار تعلیمی کارنامہ سرانجام دے کر چار عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

ماہ نور نے 24 اے لیول مضامین میں اعلیٰ امتیازی نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کر کے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار یہ سنگ میل عبور کیا۔

اس سے قبل جی سی ایس ای میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے والی ماہ نور اب مجموعی طور پر چھ عالمی تعلیمی ریکارڈز کی حامل بن گئی ہیں، جو کسی بھی سیکنڈری اسکول طالب علم کے لیے اب تک کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی میں میڈیسن کی تعلیم کے لیے داخلہ بھی مل گیا ہے۔

ماہ نور کے قائم کردہ عالمی ریکارڈز

24 اے لیول مضامین اور ایک ای پی کیو (Extended Project Qualification) میں امتیازی کامیابی، وہ بھی ایک ہی امتحانی بورڈ کے تحت اور بغیر کسی مضمون کو دہرا کر۔

اے لیولز میں سب سے زیادہ اے اسٹار اور اے گریڈز حاصل کرنے کا ریکارڈ — 19 اعلیٰ گریڈز۔

11 اے اسٹار گریڈز (اے لیول) اور جی سی ایس ای/او لیول میں 34 اے اسٹارز کو ملا کر کل 45 اے اسٹار گریڈز، جو دنیا میں کسی بھی سیکنڈری اسکول طالب علم کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

کل 58 مضامین میں امتیازی کامیابی (24 اے لیولز + 34 جی سی ایس ایز) کا عالمی ریکارڈ ہے۔

ماہ نور نے 16 سال کی عمر میں ہی 34 جی سی ایس ای مضامین پاس کر لیے تھے، جن میں 17 اے اسٹار گریڈز صرف دسویں جماعت میں حاصل کیے، جس پر انہیں اپنا پانچواں اور چھٹا عالمی ریکارڈ ملا۔

ویسٹ لندن کے علاقے لینگلی میں مقیم ماہ نور نے آکسفورڈ میں داخلے کو اپنی زندگی کا خواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ "میں اکتوبر میں آکسفورڈ جوائن کرنے پر بے حد پرجوش ہوں، یہ ایک شاندار سفر رہا ہے اور میں اپنے والدین کی قربانیوں اور حمایت کی شکر گزار ہوں”۔

طالبہ کے والدین، بیرسٹر عثمان چیمہ اور طیّبہ چیمہ، لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور 2006 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔ مہنور نے لینگلی گرامر اسکول اور بعد میں ہینریئٹا بارنیٹ اسکول میں تعلیم حاصل کی، جبکہ آخری سال گھریلو تعلیم (ہوم اسکولنگ) اختیار کی۔

تعلیمی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ماہ نور موسیقی میں بھی مہارت رکھتی ہیں انہوں نے محض 16 سال کی عمر میں اے مس ٹی سی ایل (AMusTCL) ڈپلومہ حاصل کیا، جو گریجویٹ ڈگری کے مساوی ہے۔ انہیں لامڈا (LAMDA) سے ایکٹنگ اور پبلک اسپیکنگ میں گولڈ میڈلز بھی ملے، اور اپنا ای پی کیو صرف 10 دن میں مکمل کر کے مکمل نمبر حاصل کیے۔