برطانیہ (یکم اگست 2025): پاکستان کو بڑا عالمی اعزاز مل گیا پاکستانی نژاد لارڈ عامر سرفراز یونیورسٹی آف ایسٹ لندن کے چانسلر مقرر ہو گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی نژاد لارڈ عامر سرفراز یونیورسٹی آف ایسٹ لندن کے چانسلر مقرر کر دیے گئے ہیں اور انہوں نے آج (جمعہ) سے اپنے عہدے کا چارج بھی سنبھال لیاہے۔
لارڈ عامر 2019 میں برطانیہ کے ایوانِ بالا کے رکن بنے اور سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے ایلچی تعینات رہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
لارڈ عامر نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایسٹ لندن کا نیا چانسلر بننا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اس یونیورسٹی نے طلبہ کو مستقبل سنوارنے کی صلاحیت اور مہارتیں فراہم کی ہیں۔
دریں اثنا یونیورسٹی آف ایسٹ لندن کے وائس چانسلر نے لارڈ عامر کی بطور چانسلر تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہےکہ لارڈ عامر کی چانسلر کے طور پر تقرری ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ یقین ہے کہ وہ یونیورسٹی کے مشن اور اقدار کے بہترین سفیر ثابت ہونگے۔