پاکستانی زائرین کی خواجہ غریب نواز ؒ  کے مزار پر حاضری، حکومت کی جانب سے چادر چڑھائی

پاکستانی زائرین کے وفد نے بھارت کے شہر اجمیر شریف میں خواجہ غریب نواز معین الدین چستی ؒ کے مزار پر حاضری دی اور حکومت پاکستان کی جانب سے چادر چڑھائی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اجمیر میں سلطان الہند  خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 812 ویں سالانہ عرس کے موقع پر پاکستان سے زائرین کا ایک گروپ جلوس کی صورت میں درگاہ اجمیر شریف پہنچا اور مزار پر حاضری دی۔

پاکستانی زائرین کا وفد سخت سیکیورٹی اور پولیس کے گھیرے میں گھی منڈی سے ہوتا ہوا درگاہ خواجہ غریب نواز ؒ پر پہنچا۔ راستے بھر چادریں تھامے پاکستانی زائرین نے خواجہ کی شان میں قصیدہ خوانی کی۔

زائرین نے حکومت پاکستان کی جانب سے زعفرانی سبز مخملی چادر کے علاوہ دیگر کئی چادریں بھی چڑھائیں۔ اس موقع پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری، امن، دوستی اور بھائی چارے کی دعا کی۔