پاکستانی اسکواش پلیئرز نے امریکا اور آسٹریلیا میں فتوحات کے جھنڈے گاڑ دیے

پاکستانی اسکواش کھلاڑی عاصم خان نے امریکا اور ناصر اقبال نے آسٹریلیا میں فتوحات کے جھنڈے گاڑتے ہوئے ٹائٹلز جیت لیے۔

پاکستان کے عاصم خان نے امریکا میں ہونے والی جونز کریک اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔ 12 ہزار ڈالرز انعامی رقم والے ایونٹ کے فائنل میں عاصم نے ہم وطن اشعب عرفان کو تین، ایک سے شکست دی۔

امریکی ریاست جارجیا میں ہونے والی جانز کریک اوپن کا فائنل آل پاکستان افیئر تھا جس میں ورلڈ نمبر 73 اور پاکستان کے ٹاپ پلیئر عاصم خان نے پہلا گیم ہارنے کے بعد کیم بیک کرتے ہوئے اشعب عرفان کیخلاف کامیابی حاصل کی ۔

سیکنڈ سیڈ عاصم کا تھرڈ سیڈ اشعب کیخلاف جیت کا اسکور 11-7، 7-11، 4-11 اور 4-11 رہا۔ یہ ان کے کیریئر کا دسواں ٹائٹل ہے۔

دوسری جانب پاکستانی اسکواش کھلاڑی ناصراقبال نے آسٹریلیا میں پی ایس اے چیلنجز تسمینئین اوپن اسکواش ٹائٹل جیت لیا۔

ناصر اقبال نے فائنل میں سوئٹزر لینڈ کے ڈیوڈ بارنیٹ کو تین، ایک سے ہرایا۔ ان کی کامیابی کا اسکور 8-11، 10-12، 11-6 اور 5- 11 رہا۔

واضح رہے کہ دونوں اسکواش کھلاڑیوں کے حالیہ کچھ عرصے میں یہ تیسرے ٹائٹلز ہیں۔

اس سے قبل عاصم خان اس سے قبل سال 2024 میں عاصم نے واشنگٹن میں وائلڈ کارڈ چیلنجر جبکہ مارچ میں اسکواش انسپائر چیلنجر ٹورنامنٹ جیتا تھا۔

دوسری جانب ناصر اقبال کا گزشتہ چند روز کے دوران آسٹریلیا میں تیسرا ٹائٹل ہے۔ ناصر نے گزشتہ دنوں آسٹریلیا میں بینڈیگو اور شپرٹن اوپن بھی جیتا تھا۔