پاکستانی ٹی 20 کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا کے لیے سڈنی پہنچ گئی

سڈنی: قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا کے لیے سڈنی پہنچ گئی، قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کینگروز ٹیم پر جھپٹنے کے لیے سڈنی پہنچ گئی ہے، ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابر اعظم کررہے ہیں، قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا، دوسرا اور تیسرا ٹی 20 میچ 5 اور 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

ٹی 20 سیریز سے قبل قومی ٹیم کرکٹ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

مٕزید پڑھیں: پہلا ٹی 20، آسٹریلیا نے سری لنکا کو بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستان کو خبردار کردیا

واضح رہے کہ سابق لیگ اسپنر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر، فاسٹ بولر محمد موسیٰ اور پاور ہٹر خوش دل شاہ پہلی بار قومی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے آج پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں سری لنکا کو 134 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر قومی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

آسٹریلیا نے مقررہ اوور میں 233 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 234 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا، سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بناسکی، مہمان ٹیم کے 6 بیٹسمین ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

سری لنکن آل راؤنڈر شناکا 17 اور پریرا 16 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایڈم زمپا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے دو اور پیٹ کمنز نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں، وارنر سنچری اسکور کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔