ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کولمبو پہنچ گئی

پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے لیے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچ گئی ہے جہاں وہ روایتی حریف بھارت کے خلاف 2 ستمبر کو میدان میں اترے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی ہے۔ قومی ٹیم چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کولمبو پہنچی جہاں ٹیم اراکین کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم رات 3 بجے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے سری لنکا روانہ ہوئی۔ کولمبو سے ٹیم بس کے ذریعے کینڈی جائے گی جہاں ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ اور روایتی حریفوں کے درمیان پاک بھارت ٹاکرا ہفتہ 2 ستمبر کو شیڈول ہے۔

گرین شرٹس آج کینڈی پہنچ کر آرام کریں گے جب کہ کل قومی ٹیم پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شام 6 سے رات 8 بجے تک ٹریننگ کرے گی۔

پاک بھارت میچ بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے اور مقامی محکمہ موسمیات نے میچ کے روز 70 سے 80 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب نیپال کی ٹیم بھی ایشیا کپ کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے سری لنکا پہنچ گئی ہے جب کہ بھارتی ٹیم نے بھی وہاں ڈیرے ڈال لیے ہیں جو اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے منتظر شائقین کیلیے بُری خبر

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ کپتان بابر اعظم نے 19 ویں سنچری جڑ کر ہاشم آملہ کا ریکارڈ اپنے قبضے میں کر لیا۔