ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی اگر مگر کا شکار ہے مگر سابق ٹیسٹ کرکٹر کہتے ہیں کہ گرین شرٹس کا چانس کم ہو گیا ہے۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کو 190 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستانی شائقین کی امیدیں مزید بڑھا دی ہیں تاہم سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس کا سیمی فائنل کا چانس مزید ایک فیصد کم ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے ورلڈ کپ اسپیشل پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے دوران 75 فیصد بارش کا امکان ہے اگر ایسا ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا جس سے پاکستان کو نقصان ہوگا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس روز بارش نہ ہو۔
بھارت میں ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے موجود اے آر وائی کے اسپورٹس رپورٹر شاہد ہاشمی نے بتایا کہ 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے میچ میں بارش کا امکان کم ہے لیکن 9 نومبر کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں بارش کا امکان بہت زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان دونوں میچ جیت لیتا ہے اور سری لنکا نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو گرین شرٹس سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔