بھارت میں کھیلی جا رہی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے تین شکستوں کے بعد چین کو ہرا کر بالآخر پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چنئی میں جاری ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شاہینو ں نے چین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ سفیان خان نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی جو چین نے تیسرے کوارٹر میں جوابی حملہ کر کے برابر کر دی۔
اسی کوارٹر میں افراز نے گیند کو دوبارہ جال میں پھینک کر پاکستان کو پھر برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی۔
اس سے قبل پاکستان نے ایونٹ میں تین میچز کھیلے لیکن سخت مقابلوں کے باوجود کسی میں کامیابی سے ہمکنار نہ ہوسکا۔
ابتدائی میچ میں ملائیشیا نے دو کے مقابلے تین گول سے پاکستان کو ہرایا۔ اگلے میچ میں کوریا مدمقابل آیا لیکن میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جب کہ جاپان کے ساتھ میچ میں بھی سخت مقابلے کے بعد تین تین گول سے برابر رہا۔
قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری گروپ کل روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا۔ اس اہم میچ میں کامیابی کی صورت پاکستان ایونٹ کا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔