پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 354 ملین ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 354 ملین ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں

اسلام آباد : پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نمایاں اضافے کے بعد 354 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ 12 ماہ کی 317 ملین ڈالر کی اوسط سے زیادہ ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمت عملی اور عالمی مارکیٹ تک بہتر رسائی کے نتیجے میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی میں آئی ٹی برآمدات 354 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ 12 ماہ کی 317 ملین ڈالر کی اوسط سے زیادہ ہیں جبکہ آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 24 فیصد اور جون کے مقابلے میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ اس اضافے کی بڑی وجوہات میں کمپیوٹر سروسز، سافٹ ویئر کنسلٹنسی اور بالخصوص خلیجی ممالک میں صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی آئی ٹی برآمدکنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور ایکسپورٹرز کے اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس کی حد 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دی گئی ہے، جبکہ نئی متعارف کرائی گئی ’’ایکوئٹی انویسٹمنٹ ابراڈ اسکیم‘‘ کے تحت برآمدکنندگان اپنی برآمدی وصولیوں کا نصف بیرونِ ملک سرمایہ کاری میں استعمال کر سکتے ہیں۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے حالیہ سروے کے مطابق ملک کی 62 فیصد آئی ٹی کمپنیاں اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس رکھتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی معاونت اور پالیسی اقدامات پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو یقینی بنا رہے ہیں، جو مستقبل میں ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کا باعث بنیں گے۔