پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی وائٹ بال اسکواڈز کا اعلان کردیا جس مین تین ٹی 20 اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
محمد رضوان ون ڈے ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے، قومی سلیکشن کمیٹی نے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ ادھر آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
ٹی 20 اسکواڈ میں سینئر فاسٹ باؤلرز حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی ہوئی ہے جو بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز سے محروم ہونے کے بعد پیس اٹیک کو تقویت دینے کے لیے تیار ہیں۔
بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز 2-1 سے ہارنے کے بعد کئی نوجوان کھلاڑیوں کو باہر کردیا گیا ہے۔
عباس آفریدی، سلمان مرزا اور احمد دانیال وہ تین کھلاڑی ہیں جنہیں ٹی 20 اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔
سلمان مرزا نے بنگلادیش کے خلاف سیریز میں 5.21 کی اکانومی ریٹ سے 7 وکٹیں حاصل کیں لیکن انہیں دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر کردیا گیا ہے۔
یہ پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں
احمد دانیال، جنہوں نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو بھی کیا دو میچوں میں 5.57 کی اکانومی سے تین وکٹیں حاصل کیں اور 154.54 کے اسٹرائیک ریٹ سے 17 رنز بنائے وہ بھی اسکواڈ میں شامل نہیں۔
ون ڈے اسکواڈ سے عاکف جاوید، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، عرفان خان اور طیب طاہر کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں فخر زمان، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد حارث، محمد نواز، صائم ایوب اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنے دورہ بنگلہ دیش کے اختتام کے بعد 27 جولائی بروز اتوار کو امریکا پہنچے گی۔
ویسٹ انڈیز کے دورے کا آغاز ٹی 20 سیریز سے ہوگا جو 31 جولائی، 2 اگست اور 3 اگست کو سینٹرل بروورڈ پارک اینڈ بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم لاڈرہل، یوا ایس اے میں کھیلا جائے گا۔
تین میچوں کی ون ڈے سیریز اس کے بعد 8، 10 اور 12 اگست کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں شیڈول ہے۔