دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی بیٹرز کا فلاپ شو!

پاکستانی بیٹرز

دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم پر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی، میلبرن میں بھی کینگروز نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

تاہم اب سڈنی ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستانی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں اور دوسری اننگز میں پاکستان کے 68 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔

دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی بیٹرز ناکامی سے دوچار رہے اور کوئی بھی کھلاڑی سنچری اسکور نہ کرسکا۔

بابر اعظم 6 اننگز میں 21 کی اوسط سے صرف 126 رنز اسکور کرسکے، سعود شکیل کو بھی مواقع ملے لیکن وہ بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور تین میچ میں انہوں نے صرف 92 رنز بنائے۔

اوپنر عبداللہ شفیق بھی سڈنی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اوپنر بیٹر نے سیریز میں صرف 110 رنز بنائے۔

امام الحق سے متعلق خبریں آئی ہیں ان کی سست بیٹنگ سے مینجمنٹ پریشان ہے جس کی وجہ سے انہیں دو ٹیسٹ کے بعد بٹھا کر صائم ایوب کو موقع دیا گیا لیکن صائم بھی ڈیبیو پر کچھ نہ کرسکے ایک اننگ میں صفر اور دوسری اننگ میں صرف 33 رنز بنا کر نیتھن لائن کو وکٹ دے بیٹھے۔

سابق کپتان سرفراز احمد پرتھ ٹیسٹ میچ میں فلاپ ہوئے تو ان کو ڈراپ کرکے آرام کا نام دے دیا گیا۔

کپتان شان مسعود اور محمد رضوان نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن ان کی یہ اننگز ٹیم کے لیے ناکافی تھیں۔