اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے سے نتیجہ جیت کی صورت میں آیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انگلینڈ کے خلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میچ، سیریز جیتنے پر کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ دیر آید درست آید، آپ متحد ہوکر کھیلے تو کامیابی نے قدم چومے، شروع سے ہی ٹیم ورک کی ضرورت پر زور دیا اور آج نتیجہ سب کے سامنے ہے، ٹیم اور قوم کو جیت کی بہت ضرورت تھی، مسائل کا اندزہ تھا، ایشوز حل کیے تو نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ نئے کپتان کے لیے مشاورت جاری ہے جو بھی ہوگا ٹیم کے لیے بہترین ہوگا، اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے، سینٹرل کنٹریکٹ کے عمل کو بھی جلد حتمی شکل دیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ آج کی فتح سے قوم بہت خوش ہے اور آئندہ بھی خوشی برقرار رہنی چاہیے، جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے، نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیووں کی ضرورت ہے۔
علاوہ ازیں کپتان شان مسعود نے چیئرمین پی سی بی کو کھلاڑیوں کے دستخط والی شرٹ دی۔
ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی کی ہے، چیئرمین پی سی بی نے ٹیم اور کھلاڑیوں کے لیے اچھے اقدامات اور فیصلے کیے۔