اسرائیلی جارحیت: فلسطینی اداکارہ دو بیٹیوں سمیت شہید

اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے، جس کے باعث ہزاروں کی تعداد میں معصوم فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں، ایسے میں معروف فلسطینی اداکارہ انس الصقع بھی اپنی دو بیٹیوں سمیت شہید ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی بمباری میں معروف فلسطینی اداکارہ انس الصقہ کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

بے دریغ بمباری کے باعث اداکارہ انس اور ان کی دو بیٹیاں جام شہادت نوش کرگئیں، فلسطینی وزارت ثقافت نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر اداکارہ اور ان کی بیٹیوں کی شہادت سے متعلق بتایا۔

رپورٹس کے مطابق معروف اداکارہ نے کئی کمیونٹی انٹرایکٹو سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا تھا، اور انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کرچکی تھیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے معروف اداکارہ مائسہ عبدالہادی سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔

مائسہ عبدالہادی مسجدِ اقصیٰ اور عزہ کی پٹی میں ہونے والی اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے خلاف احتجاج کررہی تھی۔

احتجاجی مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے لاٹھی چارج اور اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اداکارہ سمیت کئی فلسطینی زخمی ہوئے۔