اسلام آباد: جے آئی ٹی کے بعد پیدا ہونے والی مشکل صورتحال سے بچنے اور محفوظ راستہ اختیار کرنے کے لیے حکومت نے مختلف ممالک سے رابطے شروع کردیے، دفتر خارجہ نے نوازشریف کی ہدایت پر دفتر خارجہ نے یو اے ای حکام کو خط ارسال کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزراتِ خارجہ کی جانب سے یو اے ای کے سفارتخانے کو خط تحریر کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نائب صدر اور وزیراعظم سے اہم موضوع پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز نے یو اے ای کے وزارتِ خارجہ کو بھیجے جانے والے خط کی کاپی حاصل کرلی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رابطے کے لیے مخصوص فون نمبرز درج کیے گئے ہیں۔
پڑھیں: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور شیخ رشید کے درمیان ملاقات
اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صابر شاکر کے مطابق حکومت نے مشکل صورتحال سے نکلنے کے لیے مختلف ممالک، یو اے ای، سعودی عرب، بھارت، امریکا اور برطانیہ کے سفارت خانوں سے رابطے کیے ہیں، حکومت کی جانب سے رابطے کرنے کی خبر سب سے پہلے اے آر وائی نیوز نے دی تھی۔
اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نوازشریف کی جانب سے یو اے ای حکام کو لکھے جانے والے خط پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’نوازشریف خود کو بچانے کے لیے بیرونِ ملک سے مدد مانگنا چھوڑ دیں، انصاف کے حصول کے لیے قوم نے 30 سال تک انتظار کیا‘‘۔
NS should stop his futile attempts to get foreign govts to bail him out. We have waited 30 years to get justice.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 13, 2017
یاد رہے پاناما جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد حکومت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں شہباز شریف ، وفاقی وزراء اور دیگر لیگی رہنماؤں نے نوازشریف کو مستعفیٰ ہوجانے کا مشورہ دیا تھا۔