پنچایت کا انوکھا فیصلہ،خالی ڈبہ چرانے کے الزام میں لڑکے کو دہکتی کلہاڑی چاٹنی پڑی

ڈی جی خان : قبائلی علاقے فاضلہ کچھ میں پنچایت کے فیصلے پر لڑکے کو انگاروں پر گرم کلہاڑی چاٹنی پڑی ،جس سے اس کی زبان جل گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے فاضلہ کچھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں پنچایت نے انوکھے فیصلے پر گھی کا خالی ڈبہ چرانے کے الزام میں لڑکے کو دہکتی کلہاڑی چاٹنی پڑی، انگاروں پر گرم کلہاڑی چاٹنے سے لڑکے کی زبان جل گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعےمیں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جرگہ اور پنجایت کے نظام کو آئین اور پاکستان کی بین الاقوامی یقین دہانیوں کے خلاف قرار دے رکھا ہے، یہ فیصلہ سترہ جنوری 2019 کو سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے دیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جرگہ اور پنجایت کے نظام انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے (یو ڈی ایچ آر)، سول اور سیاسی حقوق پر بین الاقوامی معاہدے (آئی سی سی پی آر) اور خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کے تمام فورم پر خاتمے پر موجود کنونشن (سی ای ڈی اے ڈبلیو) کے تحت پاکستان کی بین الاقوامی وعدوں کے خلاف ہے۔