پپیتے میں چھپے ہیں کئی خزانے جن سے آپ لاعلم ہیں!

گہرے نارنجی مائل گودے والا پھل پپیتا خوش ذائقہ تو ہے ہی لیکن اپنے اندر صحت کے کئی خزانے بھی چھپائے ہوئے ہیں جن سے بیشتر لوگ ناواقف ہیں۔

پپیتا ایک خوش ذائقہ پھل ہے جو موسم گرما میں اپنی بہار دکھاتا ہے یہ پھل اپنے اندر صھت کے کئی خزانے چھپائے ہوئے ہیں اور اس میں موجود طبی خواص کسی مہنگی دوا سے بھی زیادہ مفید ہوتے ہیں اسی لیے طبی ماہرین مریضوں کو پپیتا کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

قدرے بیضوی شکل کا یہ پھل دیکھنے میں چاہے کسی کو خوبصورت نہ لگے لیکن اس کے اندر وٹامن اے، بی، سی، ای، کیلشیئم، فائبر، میگنیشیئم، پوٹاشیئم اور کئی اقسام کے اقسام کے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جب کہ اس میں موجود لیوٹائن، کریٹونوئڈز اور زیکسینتھائن اس کی افادیت کو مزید جلا بخشتے ہیں۔

قدرتی کا یہ بیش بہا اور سستا تحفہ کئی امراض میں بہت مفید ہے جن میں کچھ یہ ہیں۔

دل:

دل انسانی جسم کے اعضائے رئیسہ میں شمار ہوتا ہے اگر دل درست طریقے سے چلتا رہے تو زندگی بھی رواں دواں رہتی ہے۔ پپیتا دل کا دوست پھل کہلاتا ہے جو کولیسٹرول گھٹاتا ہے، ذیابیطس کو روکتا ہے اور دل کو قوت دیتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی اجزا بلڈ پریشر قابو میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

پپیتا کھائیں قبض بھگائیں:

حکما کہتے ہیں کہ قبض ام المرض ہے یعنی اگر پیٹ درست نہیں تو انسان درست نہیں۔ موجودہ دور میں فاسٹ اور جنک فوڈز، پیک شدہ کھانوں اور غیر صحتمند خوراک کا استعمال بڑھ گیا ہے جب کہ کھانے پینے کے بے ترتیب اوقات نے صورتحال مزید گھمبیر بنا دی ہے جس کے باعث قبض اب ہر گھر کا مسئلہ بنتا جا رہا ہے تو اگر آپ کے ساتھ بھی یہ مسئلہ ہے تو پپیتے کا استعمال کریں اور اس مرض سے نجات پائیں۔

پپیتا نہ صرف پورے نظام ہاضمہ کو قوت دیتا ہے بلکہ پیٹ اور معدے کے کئی امراض دور کرنے میں یہ ایک موثر دوا کا درجہ رکھتا ہے۔ اگر صبح خالی پیٹ پپیتا کھایا جائے تو فائبر کی وجہ سے یہ قبض ختم کرتا ہے اس کے ساتھ ہی بدہضمی و تیزابیت سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے۔

قوت مدافعت بڑھاتا ہے:

موجودہ دور میں دنیا میں آئے دن ایک نئی بیماری یا انفیکشن ظاہر ہو رہا ہے جو انسانی جسم پر حملہ کرکے اسے بیمار کرتا ہے۔ کسی بھی بیماری سے بچنے کے لیے انسان کی قوت مدافعت بہتر ہونا ضروری ہے یعنی جس کی قوت مدافعت جتنی زیادہ بہتر ہوگی اس کا جسم اتنا ہی زیادہ ہی بیماریوں سے لڑ سکے گا۔

وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی میں پپیتا نہایت مؤثر انداز میں امنیاتی قوت بڑھاتا ہے جو بدن کا قدرتی دفاعی نظام بھی ہے۔ جس کے نتیجے میں انسانی جسم کو بیماریوں اور انفیکشن سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے صبح سویرے پپیتا کھانے سے جسم کے فاضل زہریلے اجزا بھی ختم ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ ایک بہترین ڈی ٹاکسیفائر بھی ہے۔

پپیتا موٹاپا بھی دور بھگاتا ہے:

صبح کے وقت پپیتا کھانے سے وزن گھٹانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے ریشے بہت دیر تک پیٹ بھرے کا احساس دیتے ہیں جس کی وجہ سے بار بار کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے۔

خوبصورت جلد:

ہرصبح پپیتا کھانے سے جلد پر نکھار بڑھ جاتا ہے۔ اس کی وجہ وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس ہے جو جلد کے خلیات کی مرمت بھی کرتے ہیں۔ یہ پھل فری ریڈیکل بننے سے روکتا ہے اور جلد کو شفاف رکھتا ہے۔