کیا پیراسیٹامول اس ملک میں بند ہونے والی ہے؟

کیا پیراسیٹامول بھارت میں بند ہونے والی ہے؟

(6 اگست 2025): بخار، سر درد اور جسم درد میں استعمال ہونے والی مقبول دوا پیراسیٹامول کی بندش کی خبروں نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر متعدد صارفین کی جانب سے دعوے کیے جا رہے ہیں حکومت پیراسیٹامول پر پابندی لگانے والی ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

جب لوگوں میں بے چینی بہت زیادتہ بڑھ گئی تو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران بھی سوال کیا گیا جس پر حکومت کو وضاحت دینا پڑی۔

یہ بھی پڑھیں: تین ماہ بعد پیراسیٹامول کی قیمت میں پھر اضافہ، نئی قیمت مقرر

بھارتی وزیر مملکت برائے کیمیکل و فرٹیلائزر انوپریا پٹیل نے بتایا کہ مرکزی دوا جاتی معیارات کنٹرول تنظیم (سی ڈی ایس سی او) کو پیراسیٹامول پر پابندی سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ایسے کچھ فکسڈ ڈوز کمبینیشنز (ایف ڈی سیز) پر پابندی ضرور عائد کی گئی ہے جن میں اس دوا کو دیگر دواؤں کے ساتھ شامل کیا گیا۔

انوپریا پٹیل نے بتایا کہ ایف ڈی سیز پر پابندی کا مقصد شہریوں کی صحت کو نقصان پہنچانے سے بچانا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ خالص پیراسیٹامول پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔

شہریوں کو مفت دوا فراہم کرنے کے بارے میں بھارتی وزیر نے بتایا کہ ’مفت دوا خدمت‘ اقدام اٹھایا ہے جس کا مقصد صحت کے مراکز، سرکاری اسپتال اور دیہی علاقوں میں قائم طبی مراکز میں مریضوں کو بلا معاوضہ دوا دینا ہے۔

حکومت کی باضابطہ وضاحت سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا کیونکہ اکثر لوگ بخار، سر درد اور جسم درد کیلیے پیراسیٹامول استعمال کرتے ہیں جو نہ صرف سستی ہے بلکہ قابل رسائی بھی ہے۔