ممبئی: بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے فلمساز سندیپ ریڈی وانگا نے اپنی تازہ پیشکش ’اینیمل‘ کیلیے کاسٹنگ کے عمل کے بارے میں خاموشی توڑ دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور، رشمیکا مندانا، بوبی دیول اور ترپتی ڈمری نے مرکزی کردار ادا کیا، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ’گیتانجلی‘ کے کردار کیلیے پرینیتی چوپڑا پہلی پسند تھی۔
جی ہاں، سندیپ ریڈی وانگا نے بتایا کہ انہوں نے شوٹنگ سے ایک سال قبل پرینیتی چوپڑا کو اس کردار کیلیے منتخب کیا تھا۔
سندیپ ریڈی وانگا نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے ’گیتانجلی‘ کے کردار کیلیے پرینیتی چوپڑا کی جگہ رشمیکا مندانا کو فائنل کیا۔
متعلقہ: پرینیتی چوپڑا کی پیش گوئی درست ثابت ہوگئی
انہوں نے بتایا کہ پرینیتی چوپڑا اس تبدیلی پر سخت ناراض ہوئی تھیں۔ فلمساز نے کہا کہ میرے پاس رشمیکا مندانا کو کاسٹ کرنے کے علاوہ کوئی پسند نہیں تھی، میں نے ’گیتانجلی‘ کے کردار کیلیے پرینیتی چوپڑا کو بہتر نہیں سمجھا۔
ان کا کہنا تھا کہ غلطی میری ہے، میں نے پرینیتی سے کہا ہو سکے تو مجھے معاف کرنا۔
سندیپ ریڈی وانگا نے اس بات کو واضح کیا کہ پرینیتی چوپڑا بطور اداکارہ ان کی ذاتی پسند بھی ہیں۔ وہ انہیں فلم ’کبیر سنگھ‘ میں بھی کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن کیارا ایڈوانی کو لے آئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پرینیتی چوپڑا سے معافی مانگی اور کہا کہ میرے لیے فلم سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، پہلے تو انہیں بہت بُرا لگا لیکن پھر وہ میری بات کو سمجھ گئیں۔
یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی ’اینیمل‘ نے بھارت سمیت دنیا بھر میں 800 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا ہے۔