ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا کوک اسٹوڈیو 14 کے مقبول گانے ’تو جھوم‘ گا کر خود بھی جھومنے لگیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
’تو جھوم‘ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال کا شہرہ آفاق سانگ ہے جو ریلیز ہوتے ہی کافی مقبول ہوا۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ اب سرحد پار فنکار بھی اس پر جھومنے لگے ہیں۔
پرینیتی چوپڑا نے آج انسٹاگرام پر اپنی ایک بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو مداحوں کے ساتھ شیئر کی جس میں وہ فرش پر بیٹھی یہی گانا گنگنا رہی ہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں بالی وڈ اداکارہ لکھا کہ ’بعض اوقات بہترین لمحات بے ساختہ ہوتے ہیں۔ میں نے ایک ڈبنگ اسٹوڈیو کا دورہ کیا جہاں اپنے پسندیدہ گانوں میں سے ایک گانے کی خواہش پر قابو نہ رکھ سکی۔‘
انہوں نے گانے کو اس قدر خوبصورتی سے گنگنایا کہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی نہ صرف ان کی ’واہ واہ‘ کی بلکہ ویڈیو کو خوب شیئر کیا جس سے وہ چند منٹوں میں وائرل ہوگئی۔
صارفین کا کہنا تھا کہ پرینیتی چوپڑا نے پاکستانی گانے کے ساتھ مکمل انصاف کیا۔ ایک نے لکھا کہ ’آپ نے تو اس گانے کے ساتھ انصاف کر دیا مگر اب دیگر بھارتی گلوکار اس کی کاپی کریں گے اور پھر ایک سلسلہ شروع ہو جائے گا۔‘