پیرس اولمپکس: فائنل میں جگہ بنانے والے ارشد ندیم کا پاکستانی قوم کو پیغام

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے فائنل میں پہنچنے والے ارشد ندیم نے پاکستانی قوم کے نام پیغام دیا ہے۔

پاکستان کے اسٹار جیولن تھروور اور بین الاقوامی مقابلوں میں کئی میڈلز جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے ارشد ندیم پیرس اولمپکس میں بھی میڈل حاصل کر کے وہاں سبز ہلالی پرچم بلند کرنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ روز 86.59 میٹر کی تھرو کر کے جیولن تھرو کے فائنل میں جگہ بنانے والے ارشد ندیم نے اپنی شاندار کارکردگی کا سہرا پاکستانی قوم کے سر باندھتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فائنل میں قوم کی دعاؤں کی وجہ سے پہنچے ہیں۔

اسٹار جیولن تھروور نے پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ اولمپکس میں میڈل نہیں لا سکا تھا۔ دعا کریں کہ اس بار میڈل کے ساتھ وطن واپس آؤں۔

ارشد ندیم کے کوچ نے مقابلے کے حوالے سے کہا کہ فائنل میں بہت ٹف مقابلہ ہوگا اور دیکھنے میں مزا آئے گا۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کا فائنل کل (جمعرات) کو ہوگا جس میں پاکستانی ارشد ندیم، بھارتی نیرج چوپڑا سمیت 12 ایتھلیٹ میدان میں ہوں گے اور جو سب سے دور نیزہ پھینکے گا وہی گولڈ میڈل کا حقدار ہوگا۔

https://urdu.arynews.tv/paris-olympics-arshand-nadeem-qualifies-for-javelin-throw-final/