پیرس اولمپکس میں چین نے میڈلز کی نصف سنچری مکمل کر لی اور 21 طلائی تمغوں کے ساتھ ایک بار پھر امریکا کو پیچھے دھکیل کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے اولمپکس گیمز پیرس میں جاری ہیں۔ 11 ویں روز چین نے اپنے میڈلز کی نصف سنچری مکمل کر لی جب کہ 21 طلائی تمغوں کے ساتھ ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ امریکا 20 طلائی تمغوں کے ساتھ میڈلز ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
پیرس اولمپکس میں جہاں چین، امریکا اور جاپان جیسے بڑے ممالک میڈلز حاصل کرنے والوں کی فہرست میں چھائے ہوئے ہیں وہیں کم آبادی والے ملکوں کے ایتھلیٹ بھی مہارت میں کسی سے کم نہیں اور اس کا مظاہرہ وہ رواں اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کر کے کر رہے ہیں۔
الجیریا کی 17 سالہ کیلیا نیمورکی نے جمناسٹک میں غیر معمولی پُرفارمنس دکھاتے ہوئے امریکا اور چین کو پیچھے چھوڑ دیا اور جمناسٹک میں طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی افریقن ایتھلیٹ بن گئیں۔
مینز والٹ میں فلپائن کے کارلوس بازی لے گئے اور ایونٹ میں اپنا دوسرا گولڈ میڈل جیتا۔
مینز رنگ ایونٹ میں چینی ایتھلیٹس چھائے رہے جنہوں نے گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کیے جب کہ ٹیبل ٹینس مقابلے میں بھی چین کا بول بالا رہا۔
گالف اسٹروک پلے میں امریکا کے اسکاٹی شیفلر سرفراز ہوئے۔
واضح رہے کہ اولمپکس مقابلے پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل ’’اے اسپورٹس‘‘ اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔