پیرس اولمپکس: قومی شوٹرز کے بعد سوئمرز بھی باہر

پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، سوئمر احمد درانی 200 میٹر فری اسٹائل ہیٹس میں آخری نمبر پر رہے، اور سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔

سوئمر جہاں آرا نبی کا بھی سفر تمام ہو گیا ہے، وہ فری اسٹائل سوئمنگ میں 30 میں سے 26 ویں پوزیشن پر رہیں۔

اس سے قبل پاکستانی شوٹرز کی مایوس کن پرفارمنس دیکھنے کو ملی، گلفام جوزف 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی نہ کر سکے تھے، گلفام کی پہلے راؤنڈ میں 22 ویں پوزیشن رہی، جب کہ کشمالہ طلعت بھی کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں، اور وہ 31 ویں پوزیشن پر رہیں۔

دوسری طرف پیرس اولمپکس میں میڈلز جیتنے کی جنگ میں آسٹریلیا ریس میں سب سےآگے ہے، پہلے روز آسٹریلوی ایتھلیٹ سب پر بازی لے گئے، 3 سونے اور 2 چاندی کے تمغے حاصل کر کے مجموعی طور پر 5 میڈلز کے ساتھ ٹاپ کی پوزیشن پر براجمان ہے، کینگروز نے ایک طلائی تمغہ سائیکلنگ اور دو سوئمنگ مقابلوں میں اپنے نام کیے۔

3 گولڈ میڈل جیتنے والا چین دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، ڈائیونگ اور شوٹنگ میں اس نے سونے اور سوئمنگ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ کوریا بھی 5 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے، اس نے 2 گولڈ، 2 سلور اور 1 برونز تمغہ جیتا۔

سپر پاور امریکا مجموعی 5 میڈلز لے کر ایک گولڈ، 2 سلور اور 2 برونز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے، جب کہ میزبان فرانس نے پانچویں پوزیشن کے ساتھ 4 میڈلز جیت لیے ہیں، ایک گولڈ، 2 سلور اور ایک برونز۔ فرانس نے رگبی میں پہلا سونے کا تمغہ اپنے نام کیا ہے۔

بیلجیئم، جاپان اور قازقستان نے ایک ایک گولڈ اور ایک ایک برونز میڈل جیت لیے ہیں، جرمنی اور ہانگ کانگ نے ایک ایک سونے کا تمغہ جیتا۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے تمام مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

ادھر اسرائیلی دہشت گردی کے شکار فلسطینیوں کی آواز بھی پیرس اولمپکس میں گونجنے لگی ہے، اسرائیل اور پیراگوئے کے فٹ بال میچ میں فلسطین کا جھنڈا لہرایا گیا، تماشائیوں نے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف بینر بھی اٹھا رکھے تھے، میچ کے بعد اسرائیلی اور فلسطینی حامی اسٹیڈیم کے باہر آمنے سامنے بھی آئے۔