پیرس میں پاکستانی مسافر 4 روز سے پی آئی اے پرواز کی روانگی کے منتظر

پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد

 پی آئی اے کے مسافر پیرس سے پاکستان آنے کیلیے پریشان بیٹھے ہیں گزشتہ چار روز سے صرف تسلیاں دی جا رہی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں 4 روز سے خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کی بڑی تعداد پی آئی اے پرواز کی لاہور روانگی کے انتظار میں موجود ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ 8 اگست کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 734 نے شام ساڑھے پانچ بجے لاہور کے لیے روانہ ہونا تھا۔

پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے پہلے پرواز میں ٹیکنیکل ایشو کا بتایا گیا، 3روز سے یہاں موجود ہیں، پی آئی اے کی انتظامیہ پرواز کی روانگی کی کوئی اطلاع نہیں دے رہی۔

مسافروں کے مطابق پیرس سے لاہور آنے والی پرواز کا 4 بار وقت تبدیل کیا گیا لیکن مصدقہ طور پر نہیں بتایا جارہا کہ پرواز کب روانہ ہوگی؟۔

دوسری جانب پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی سے شیڈول متاثر ہے فنی خرابی دور کرنے کی کوشش کْی جارہی ہے۔

کوشش ہے کہ جلد از جلد فلائٹ بحالی کے بعد روانہ ہو سکے، تمام مسافروں کو ہوٹل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔