پارلیمنٹ کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کیلیے 16 رکنی کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور

قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کے لیے 16 رکنی خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور کر لی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے ایوان کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کے لیے 16 رکنی خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک پیش کی جس کو اراکین نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اراکین کو ایوان کا ماحول بہتر بنانے کے لیے چارٹر آف پارلیمنٹ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

انہوں نے رولنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے قائدین اگر ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتے تو کیا ہوا، ہم تو اس ایوان میں ایک ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔ ایک دوسرے پر تنقید ضرور کریں لیکن عزت کا بھی خیال رکھیں۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان ساتھ بیٹھ کر چارٹر آف پارلیمنٹ کے رولز طے کر لیں۔

https://urdu.arynews.tv/hanif-abbasi-parliament-oath-inheritance/