پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج طلب، وزیراعظم کی شرکت کا امکان

پارلیمنٹ اجلاس

اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر تین بجے طلب کرلیا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی شرکت کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی جارحیت پر بحث کے بعد متفقہ قرارداد پاس کیا جائے گا۔

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے مشورے پر مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم شرکت کرسکتے ہیں۔

یاد رہے دو روز قبل بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی اور دیگر اہم امور سے متعلق وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج طلب کرلیا ہے، اجلاس کا 12نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حالیہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ وفاقی کابینہ مختلف ممالک کے ساتھ سمجھوتوں اور یاد داشتوں کی توثیق بھی کرے گی۔