پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو آج ضلع کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو آج ضلع کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہیں اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ سے ضلع کچہری بکتر بند میں لے جایا جائے گا جب کہ اینٹی کرپشن حکام عدالت سے ان کے ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی میں جلعی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے گریڈ 17 میں 12 غیر قانونی بھرتیاں کیں اور فیل شدہ امیدواروں کو ریکارڈ میں ردوبدل کرکے بھرتی کیا گیا۔
اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ بھرتی کےعمل میں گھپلوں کیلیے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں اور انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں۔ ان بھرتیوں میں کرپشن کےواضح ثبوت موجودہیں۔
دوسری جانب پرویز الہٰی کے لیے گھر کے ملازم ناشتہ لے کر اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ پہنچ گئے۔ ان کے ناشتے میں ابلا ہوا انڈا، ڈبل روٹی اور چائے شامل ہے۔ وہ دن میں تین مرتبہ دوائیں بھی استعمال کرتے ہیں۔