اسلام آباد : وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کل شمالی وزیرستان میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا، بدقسمتی سے اس عمل کی قیادت ہمارے دو ممبران اسمبلی کررہے تھے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، وزیر دفاع نے کہا کہ فوج کی چیک پوسٹ پرحملہ انتہائی قابل مذمت ہے، ایک گروپ نے پوسٹ پر براہ راست فائرنگ کی، سپاہیوں نے پہلے انہیں پُرامن طریقے سے منتشرکرنے کی کوشش کی۔
ان کی فائرنگ کے جواب میں ہوائی فائرنگ سے منتشرکرنے کی کوشش کی گئی، جب ان کے فائر سے5جوان زخمی ہوئے تو سیلف ڈیفنس میں جوابی فائر کیا گیا۔
پرویزخٹک کا مزید کہنا ہے کہ بدقسمتی سے اس عمل کی قیادت ہمارے دو ممبران اسمبلی کررہے تھے، یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے تھا، قوم، قبائلی بھائیوں اور فوج نے بہت سی قربانیوں کے بعد ملک میں امن قائم کیا،۔
آپریشنز کے دروان ہمارے قبائلی بھائیوں نے بہت تکالیف کا سامنا کیا، ہمیں اپنی عوام بالخصوص قبائلیوں کی مشکلات کااحساس ہے، اُن کے تمام جائز مطالبات آئین و قانون میں رہ کر پورے کیے جارہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ ریاست ماں ہوتی ہے ،حکومت ان کی مکمل سماجی اور معاشرتی بحالی تک نہیں آرام سے نہیں بیٹھے گی،کسی شخص یا گروہ کو عوام کی مشکلات کا جواز بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔