غیر آئینی طریقے سے کوئی بھی وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں لے سکتا، پرویز خٹک

پرویز خٹک

اسلام آباد : وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آئین کے ماورا کوئی بھی وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں لے سکتا، فضل الرحمان اور اپوزیشن جماعتیں افراتفری پھیلانا چاہتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ہمارے ساتھ وزیر اعظم کے استعفیٰ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی تھی.

رہبر کمیٹی کے اراکین نے کہا تھا کہ ہم یہاں آکر بیٹھیں گے جس پر ہم نے انہیں خوش آمدید کہا اور راستے کھولے تھے، ،ہمیں امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن جماعتیں یہیں بیٹھے رہیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے مطالبے جائز ہیں یا ناجائز؟ ان کا حق ہے جو مرضی مطالبے کریں لیکن ایک بات طے ہے کہ آئین کے اندر ہی مطالبہ کیا جا سکتا ہے اور اس پر فیصلہ ہو سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے ماورا کوئی بھی وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں لے سکتا، اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لائی جاسکتی ہے اس کے علاوہ استعفے کا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ اگر وہ غیر آئینی راستہ اختیار کریں گے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔

؎وزیردفاع پرویزخٹک نے کہا کہ معاہدے کی خلاف ورزی کوئی بھی کرے قانونی چارہ جوئی ہوگی، معاہدے پر رہبر کمیٹی میں شامل تمام جماعتیں متفق ہوچکی ہیں۔ ہم نے معاہدہ کیا ہے کوئی ڈیل نہیں کرنی اور اس معاہدے کی پاسداری بھی کریں گے۔