پرویز خٹک نے سیاسی جماعت میں شمولیت سے متعلق خاموشی توڑ دی

190 ملین پاؤنڈ کیس: پرویز خٹک Pervez Khattak 190 million pound

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سینئر رہنما پرویز خٹک نے نئے گروپ یا سیاسی جماعت میں شمولیت سے متعلق خاموشی توڑ دی۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے کے بعد ہم خیال لوگوں کا پہلا باضابطہ اجلاس طلب کرلیا، ظہرانے پر ملاقات ہوگی اور سب اپنی اپنی رائے دیں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم خیال ساتھیوں کی مشاورت سے سیاسی لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کوئی نیا گروپ یا کسی سیاسی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا، پی ٹی آئی کے سابق ارکان سے کل ملاقات ہوئی تھی وہ بھی ظہرانے میں آئیں گے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں لکھا تھا کہ آپ نے پارٹی اراکین سے روابط قائم کر کے انہیں جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسایا لہٰذا 7 روز کے اندر اس کا جواب دیا جائے۔ انہوں نے وقت گزر جانے کے باوجود نوٹس کا جواب نہیں دیا تھا جس کے بعد ان کی پارٹی رکنیت ختم کی گئی۔

12 جولائی کو پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی تھی جس کا نوٹیفکیشن سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے جاری کیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں تحریر تھا کہ 21 جون 2023 کو پرویز خٹک کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کا انہوں نے وقت گزر جانے کے باوجود تسلی بخش جواب نہیں دیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پرویز خٹک کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کی جاتی ہے جس کا اطلاق فوری ہوگا۔

یاد رہے کہ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد پرویز خٹک منظر عام سے غائب ہوگئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے یکم جون کو صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔