لاہور اسلام آباد موٹروے پر کلر کہار کے قریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثے میں 12 مسافر موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 22 شدید زخمی ہیں، بس ایم 2 کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی کہ اچانک بریک فیل ہونے سے اسے حادثہ پیش آگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 7 زخمیوں کو راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
بس کو حادثہ پیش آنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی جس میں تیز رفتار بس کو حفاظتی دیوار توڑ کر الٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد سے لاہور جانے والی بس کو حادثہ، 10 افراد جاں بحق#ARYNews pic.twitter.com/FzLdDsJyxQ
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) June 17, 2023
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بس حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم بھی جاری کر دیا۔