بس میں مسافر مرغا بھول گیا، پھر کیا عجیب واقعہ ہوا؟

دوران سفر مسافروں کا اپنا سامان بھول جانا کوئی اچھنبے کی بات نہیں لیکن ایک مسافر بس میں جب اپنا مرغا بھول گیا تو کچھ عجیب واقعہ ہوا۔

یہ عجیب واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں پیش آیا ہے جہاں تین روز قبل ایک مسافر آر ٹی سی بس میں اپنا مرغا بھول گیا جس کو بس کنڈکٹر نے بس ڈپو کے ذمے داروں کے حوالے کر دیا لیکن اس مرغ کو کسی کی جانب سے واپس نہ لینے پر بس انتظامیہ نے اسے نیلا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اس نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔

انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق 9 جنوری کو ورنگل سے ویملواڑہ جانے والی بس کریم نگر بس اسٹیشن پر رُکی تو ایک مسافر جو ایک بیگ کے اندر مرغ کو چھپا کر لے جا رہا تھا وہ اس کو بھول کر ہی اپنی منزل پر اتر گیا۔

بس کے دیگر مسافروں نے بعد ازاں اس بیگ کو لاوارث حالت میں دیکھ کر بس عملے کو اطلاع دی اور کنڈکٹر نے بیگ کو کھولا تو اس کے اندر مرغا نکلا۔

کنڈکٹر نے اس مرغے کو بس ڈپو کے حوالے کیا اور آر ٹی سی انتظامیہ نے دو روز تک اس کے مالک کا انتظار کیا لیکن کسی کے بھی مرغ کو واپس لینے کے لیے نہ آنے پر بس انتظامیہ نے اس کو اب نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔