کھانا پسند نہ آنے پر مسافر نے جہاز میں وہ ہنگامہ کیا کہ ۔۔۔۔۔۔؟

امریکی مسافر طیارے میں کھانے پسند نہ آنے پر مسافر نے وہ ہنگامہ کھڑا کیا کہ اس کو قابو کرنا مشکل ہوگیا اور پرواز کو راستے میں اتارنا پڑا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکا سے نیدر لینڈ جانے والی یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پرواز میں پیش آیا جہاں بزنس کلاس کے ایک نشے میں دھت مسافر نے کھانا پسند نہ آنے پر شدید ہنگامہ کھڑا کر دیا وہ اتنا بدمست ہوا کہ کسی کے قابو میں نہ آیا اور کپتان کو جہاز منزل سے پہلے ہی راستے میں پڑنے والے شکاگو ایئرپورٹ پر اتارنا پڑ گیا۔ تاہم یہ معلوم نہ ہوسکا کہ وہ کس قسم کا کھانا تھا جو مسافر کو پسند نہ آیا۔

رپورٹ کے مطابق مسافر کی ہنگامہ آرائی کے بعد عملے نے اس پرسکون کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے کسی کی بات سننے سے انکار کر دیا جس کے باعث پائلٹ نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے طیارے کو شکاگو ایئرپورٹ اتارنے کا فیصلہ کیا تاہم ایندھن کا وزن کم کرنے کے لیے جہاز نے شہر کی فضا میں کئی چکر لگائے جس کے بعد جارج بش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

جہاز کے ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسافر کو حراست میں لیا جس کے بعد اس نے دوبارہ ایمسٹرڈیم کی جانب سفر کے لیے اڑان بھری تاہم اس ساری ہنگامہ آرائی میں جہاز کو منزل تک پہنچنے میں مقررہ مدت سے تین گھنٹے کی تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے مسافروں کو اذیت برداشت کرنا پڑی۔

اس سے قبل اسی نوعیت کا کئی واقعات فضائی سفر میں پیش آچکے ہیں اور انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے رواں برس کے آغاز میں ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ 2022 میں اس طرح کے واقعات میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔