مریم نواز کا پاسپورٹ اور7 کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع

لاہور : چوہدری شوگر ملز کیس میں عدالتی حکم پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا پاسپورٹ اور سات کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی تاہم ضمانتی مچلکے تاحال جمع نہ ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس میں عدالتی حکم پر کیپٹن صفدر نے عطا تارڑ اور وکلا کے ہمراہ مریم نواز کا پاسپورٹ اور سات کروڑ کی رقم ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروادی۔

اس موقع پر کیپٹن صفدر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے کیونکہ وہ عدالتی حکم پر عمل کرنے آئے ہیں انھوں نے کہا کہ مریم کے ساتھ ساتھ آپ لوگوں کو بھی رہائی مبارک ہو۔

دوسری جانب مریم نواز کے ضمانتی مچلکے تاحال جمع نہ ہوسکے، احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان عدالت سے روانہ ہوگئے ہیں ، اگر مچلکے جمع نہ ہوئے تو مریم نواز کی رہائی آج ممکن نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں : مریم نواز کو ضمانت مل گئی

یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور کہا تھا صرف تیماری داری کیلئے درخواست ضمانت قابل پذیرائی نہیں۔

عدالت نے مریم نواز کو پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا پاسپورٹ جمع نہیں کرایا گیا تو بطور ضمانت7 کروڑ جمع کرانے ہوں۔

واضح رہے 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگرملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نوا ز کو تفتیش کے لئے بلایا گیا تھا لیکن وہ نیب دفتر میں پیش ہونے کے بجائے والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل چلی گئیں تھیں، تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہونے پر نیب ٹیم نے انھیں یوسف عباس کو گرفتار کرلیا تھا۔