آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے پیٹ کمنز کو ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی سونپ دی

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کو اب ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرون فنچ کے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کو ون ڈے ٹیم کا بھی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر پیٹ کمنز ون ڈے ٹیم کے 27 ویں کپتان ہیں، وہ اگلے سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پیٹ کمنز نے اپنے بیان میں کہا کہ انھوں نے ایرون فنچ کی قیادت میں کھیل کر بہت کچھ سیکھا ہے، ان کی کمی کو پورا کرنا بہت مشکل ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے گزشتہ ماہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔