بستر مرگ پر بھی پیٹ کمنز کو ورلڈکپ فائنل کا کونسا لمحہ یاد رہیگا؟

ورلڈکپ فاتح آسٹریلوی کپتان نے فائنل کے ان لمحات کے حوالے سے گفتگو کی ہے جو انھیں 70 سال کی عمر میں بستر مرگ پر بھی یاد رہیں گے۔

بھارت کو اس کے ہوم کراؤڈ کے سامنے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈکپ ٹائٹل جیتنے والے کپتان پیٹ کمز کی دانشمندی کی ایک دنیا معترف ہوچکی ہے۔ جس طرح انھوں نے میزبان کو انہی کے بچھائے جال میں پھنسایا اسے ایک دنیا نے دیکھا۔

ایک انٹرویو کے دوران کالم نگار اور مصنف پیٹر فٹز سائمن نے کمنز سے پوچھا کہ جب آپ 70 سالوں کے ہوجائیں گے تو بستر مرگ پر بھی آپ فائنل کا کون سا لمحہ سوچیں گے؟

آسٹریلوی کپتان کا اس کے جواب میں کہنا تھا ک ’میرے خیال میں وہ لمحہ جب میں نے ویرات کوہلی کی وکٹ لی!‘

پہلے بیٹنگ کے دوران ایک مرحلے پر بھارت کا اسکور 3 وکٹ پر 148 رنز تھا اور میچ ان کے کنٹرول میں لگ رہا تھا۔ اس وقت کمنز بولنگ کے لیے آئے اور ویرات کوہلی کو بولڈ کردیا۔

انھوں نے کہا کہ فائنل میں اس وقت میں واضح طور پر بہت پریشان تھا، پھر جب میں نے وکٹ حاصل کی تو اسٹیو اسمتھ کہنے لگے لڑکوں ایک سیکنڈ کے لیے کراؤڈ کو تو سنو۔

آسٹریلوی کپتان نے بتایا کہ اسمتھ کی بات پر ہم نے ایک لمحہ توقف کیا لیکن اسٹیڈیم اتنا ہی پرسکون تھا جیسے کہ ایک لائبریری ہو۔ وہاں ایک لاکھ سے زیادہ بھارتی تھے مگر بہت خاموشی تھی، میں ان لمحات کو طویل عرصے تک یاد رکھوں گا۔