پٹھان نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی گزشتہ مہینے ریلیز ہونے والی فلم پٹھان نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا اور 500 کروڑ کمانے والی فلموں کے کلب میں شامل ہوگئی ہے۔

اپنی ریلیز سے قبل ہی تنازعات میں گھر جانے والی فلم پٹھان گزشتہ ماہ ریلیز ہوئی تو آتے ہی دنیا بھر کے باکس آفس پر راج کرنے لگی اور صرف بھارت ہی نہیں بلکہ بھارت سے باہر بھی جہاں جہاں بھارتی فلمیں دیکھی جاتی ہیں وہاں چھا گئی اور اس کی یہ مقبولیت نمائش کے 3 ہفتے گزر جانے کے باوجود برقرار ہے۔

شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا پاڈوکون اور جان ابراہم جیسے ستاروں سے سجی یہ فلم اپنی نمائش کے تین ہفتوں میں ہی بھارت میں 500 کروڑ روپے کمانے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے جب کہ اس کی کمائی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے اور امکان ہے کہ جلد یہ فلم آمدنی کے لحاظ سے بھارتی فلموں کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔

پٹھان نے اپنی ریلیز کے پہلے دن بھارت بھر کے سینما گھروں سے 55 کروڑ روپے سمیٹے تھے اور 22 ویں روز اس کی آمدنی ساڑھے 3 کروڑ رہی جس کے ساتھ ہی فلم کی مجموعی کمائی 502.35 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پرزان‘ اور ’پٹھان‘ کی 25 سال بعد ملاقات، تصویر وائرل

شاہ رخ خان کی اس ایکشن فلم کا جادو صرف بھارت پر نہیں بلکہ دنیا بھر میں چل رہا ہے اور یہ فلم دنیا بھر میں 1000 کروڑ کے کلب میں شامل ہونے سے محض چند قدم دور ہے۔