مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

لاہور: مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی، لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ 15 جنوری کو سماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی جانب سے نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کے لیے دائر درخواست کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کر رہا تھا تاہم موسم سرماکی چھٹیوں کے باعث بنچ تحلیل ہو گیا جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دے دیا۔

نیا دو رکنی بنچ جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے جو 15 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا، مریم نواز کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ان کے والد شدید بیمار ہیں اور بیرون ملک زیر علاج ہیں، ان کی تیمارداری کی ذمہ داری مریم نواز پر ہے تاہم حکومت نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کررکھا ہے جبکہ اس حوالے سے حکومت نے ان کا موقف تک نہیں سنا، لہذا عدالت والد کی تیمارداری کے لیے نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔