یونس خان، محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

یونس خان

قومی ٹیم کے سابق کرکٹر یونس خان، محمد حفیط اور وہاب ریاض کو کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پی سی بی عالیہ رشید کا کہنا ہے کہ یونس خان کو کراچی میں نوجوان کرکٹرز کی گرومنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی سابق کرکٹرز کو ذمہ داریاں دے رہے ہیں، محمد حفیظ کو بھی ذمہ داری دینا چاہتے ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ کرکٹرز زیادہ سے زیادہ ذمہ داریاں نبھائیں۔

عالیہ رشید کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز نے اپنا تجربہ نوجوانوں کو منتقل نہ کیا تو بدقسمتی ہوگی، سہیل تنویر جونیئر سلیکشن کے لیے اچھا انتخاب ہوسکتے ہیں، وہاب ریاض کا نام آرہا ہے مگر چیف سلیکٹر کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ترجمان پی سی بی نے کہا کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی خود معاملات کو دیکھ رہے ہیں، ذکا اشرف نے ورلڈ کپ سے پہلے کوئی مداخلت نہیں کی تھی۔

عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ ذکا اشرف کی یونس خان، وہاب ریاض، محمد حفیظ سے ملاقات ہوئی ہے، پی سی بی کھلے دل سے سابق کرکٹرز کا استقبال اور تجاویز سنے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مکی آرتھر کل آرہے ہیں میٹنگ کے بعد نتیجہ نکلے گا، کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی سے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

ترجمان پی سی بی نے مزید کہا کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف چیزوں کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، آسٹریلیا کیخلاف سیریز کافی مشکل ہے ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے، قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے لانگ ٹرم پلاننگ کررہے ہیں۔