محمد حفیظ کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے پر غور شروع

محمد حفیظ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد حفیظ کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے پر غور شروع کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بورڈ کے اہم عہدیداران اور سابق کرکٹرز نے محمد حفیظ کو ذمہ داریاں سونپنے کی حمایت کردی ہے، نئے چیف سلیکٹر کے حوالے سے آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حفیظ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا انتخاب کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد حفیظ نے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے لیے چیئرمین کمیٹی ذکا اشرف سے کچھ وقت مانگا ہے۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ نے ورلڈ کپ اسکواڈ کی سلیکشن میں تحفظات دور نہ ہونے پر استعفیٰ دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر توصیف احمد کو عبوری چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے خود پر لگنے والے الزامات پر استعفیٰ دے دیا تھا۔