اسلام آباد: پاکستان بار کونسل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط پر سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان بار کونسل کے ججز کے خط پر اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں اس نے سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس پر جلد کارروائی مکمل کرنے کی درخواست کی۔
اعلامیے کے مطابق ججز کو ہماری قوم میں سب سے زیادہ عزت دی جاتی ہے، ججز مقدمات کا فیصلہ کرنے کی اہم ذمہ داری نبھاتے ہیں۔
بار کونسل نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے استعفے کا مطالبہ غیر ضروری ہے، مطالبہ ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے جو عدلیہ میں تقسیم چاہتے ہیں۔
اس میں کہا گیا کہ استعفے کا مطالبہ نہ صرف عدلیہ کو کمزور کرے گا بلکہ مسائل حل کرنے میں بھی ناکام ہوگا، جج تشویش کا اظہار کرتے ہیں تو یہ عدالتی نظام کے آزادانہ کام کرنے کیلیے اہمیت کی نشاندہی کرتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق حقیقت یہ ہے ججز نے خود ہی یہ خدشات اٹھائے اس کا مطلب ہے کہ ان پر دباؤ ہے، ججز کے خط پر غیر جانبدارانہ تحقیقات سچائی کو ظاہر کرنے کیلیے بہت ضروری ہے۔