ایشیا کپ اور سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان

ایشیا کپ اور سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے افغانستان اور یو اے ای کے خلاف آئندہ ماہ سہ ملکی سیریز کے ساتھ ساتھ ایشیا کپ 2025 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

یوا ے ای میں سہ فریقی سیریز کے لیے ٹیم میں چند تبدیلیوں کا امکان ہے، فاسٹ بولر سلمان مرزا اور آل راؤنڈر احمد دانیال کی واپسی کا امکان ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سینئر فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو سیریز کے دوران ورک لوڈ مینجمنٹ کے لیے آرام دیا جاسکتا ہے اور انہیں ایشیا کپ میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔

یہ پڑھیں: ویسٹ انڈیز سے صرف ایک میچ ہارنے سے پاکستان ٹیم کو کیا نقصان ہوا؟

اسکواڈ میں معمول کے 15 کی بجائے 16 کھلاڑی شامل کیے جانے کا امکان ہے، حتمی فیصلے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان کو آئندہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ دونوں کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی ٹیم میں انجری کی وجہ سے شامل نہیں۔

آل راؤنڈر اور ٹی 20 کے نائب کپتان شاداب خان کی سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ دونوں میں شرکت کا امکان نہیں ہے کیونکہ وہ سرجری کے بعد اپنی بحالی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی، پاکستان اپنی مہم کا آغاز 29 اگست کو افغانستان کے خلاف مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کرے گا۔

ہر ٹیم دوسرے سے دو بار آمنے سامنے ہو گی، سرفہرست دو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل میں پہنچیں گی۔