پی ڈی ایم حکومت نے آخری دن 126 ارب سے زائد کے منصوبے منظور کیے

اسلام آباد: پی ڈی ایم حکومت نے آخری دن 126 ارب 91 کروڑ کے 7 ترقیاتی منصوبے منظور کر لیے، بلوچستان میں سیلاب متاثرہ اضلاع کے لیے 43 ارب کا پروجیکٹ منظور کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم حکومت کی پھرتیاں جاتے جاتے بھی جاری رہیں اور آخری دن 126 ارب 91 کروڑ کے 7 ترقیاتی منصوبے منظور کیے گئے، صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع کے لیے 43.4 ارب کا پروجیکٹ منظو کیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایکنک کا اجلاس منعقد ہوا، بعد از اجلاس جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پنجاب اربن لینڈ سسٹم کے لیے 26.4 ارب روپے کا پروجیکٹ منظور ہوا ہے۔

اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان میں گرڈ اسٹیشن کے لیے 9.1 ارب روپے کا پروجیکٹ منظور کیا گیا، بہاولپور میں سڑک کو دو رویہ کرنے کے لیے 8.9 ارب روپے کے پروجیکٹ کی منظوری دی گئی۔

آواران ڈیم بنانے کے لیے 23.57 ارب روپے کا پروجیکٹ منظور ہوا جب کہ سندھ میں سیلاب متاثرہ اسکولوں کی تعمیر کے لیے 12.33 ارب کے پروجیکٹ کی منظوری عمل میں آئی۔

پہلے سے منظور سندھ سلور پروجیکٹ کی لاگت 24.2 ارب روپے سے بڑھا کر 27.41 ارب روپے کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔