لاہور (18 جولائی 2025): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت 11 شہروں کے پی سی ون منظور کر لیے گئے۔
صوبائی وزیر بلدیات کی زیرِ صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی کے تحت 11 شہروں کے پی سی ون منظور ہوگئے جبکہ جولائی میں مزید 10 شہروں کیلیے منظوری دی جائے گی۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 66 شہروں کو منصوبے میں شامل کیا جائے گا، مرحلہ وار صوبے کے 189 شہروں میں اسکیمیں مکمل کی جائیں گی، مزید 36 شہروں کیلیے پی سی ون کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی نسبت خیبر پختونخوا میں کرپشن زیادہ ہے، گیلپ سروے
انہوں نے بتایا کہ موجودہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ ڈرینج سسٹم بنایا جائے گا، پہلی بار تمام ڈسپوزل اسٹیشن سولر انرجی پر منتقل کیے جائیں گے، زیر زمین واٹر ٹینک بنا کر بارانی پانی کو ذخیرہ کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے اربن فلڈنگ کا بڑی حد تک سدباب ہو سکے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد نے پی سی ون کی تیاری میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے شہروں میں اسکیمیں ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل ہو جائیں گی، پی ایم یو اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی منصوبوں کی نگرانی کریں گی۔