کراچی: سندھ حکومت نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے پیپلز بس سروس کے نئے روٹس سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن کی زیرِ صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کے ارکان اسمبلی اور ڈپٹی میئر و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملیر، کیماڑی، لیاری اور ضلع غربی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے اور ہاکس بے سے صدر اور منگھوپیر سے بنارس نئے روٹس کیلیے ٹیسٹ بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں ضیا الدین اسپتال سے سی ایم ہاؤس، سلطان آباد اور ماڑی پور روٹ کی توسیع کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک بڑھا کر آسان سفر کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں میں نئے روٹس شروع کرنے کیلیے تجاویز پیش کیں۔
گزشتہ ماہ حکومت سندھ کی جانب سے نئے مالی سال میں مزید بسیں لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ شرجیل میمن کی زیرِ صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا تھا جس میں نئی بسیں لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ تحصیلوں کو ضلعی ہیڈکوارٹرز سے ملانے کیلیے بس اسکیم پر غور کر رہے ہیں جبکہ سکھر لاڑکانہ اور سکھر خیرپور پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔
صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلیے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔
سندھ کابینہ اجلاس میں پیپلز بس سروس کا کرایہ 50 روپے برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ سروس کیلیے نگراں دور میں 50 روپے کرایہ برقرار رکھا گیا تھا۔
50 روپے کرایہ مقرر کرنے کیلیے 579.758 ملین روپے 6 ماہ کی سبسڈی کے طور پر منظور کیے گئے تھے جس میں سے 289.878 ملین روپے جاری ہو چکے ہیں۔