کراچی، حیدرآباد سمیت اندرون سندھ ضلع سانگھڑ میں ٹاؤن چیئرمین، میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر اور ماتحت بلدیاتی اداروں کے سربراہان کا انتخاب 15 جون کو شیڈول ہے تاہم اس سے قبل ہی کراچی، حیدرآباد اور سانگھر کے مختلف ٹاؤنز اور یونین کمیٹیوں کے سربراہان بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
کراچی میں ضلع کیماڑی کے تینوں ٹاؤں میں پی پی پی کے چیئرمین بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں جن میں بلدیہ ٹاؤن سے کریم آسکانی، کیماڑی ٹاؤن سے ہمایوں خان اور ماڑی پور ٹاؤں سے علی اکبر بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ مذکورہ امیدواروں کے مقابل کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ ریٹرننگ افسر نے چیئرمین کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حیدرآباد میں نیرون کوٹ ٹاؤن پر پی پی کے امیدوار منٹھار جتوئی بلامقابلہ چیئرمین منتخ ہوگئے ہیں۔
سانگھڑ میں بھی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔
سانگھڑ کی 4 میونسپل کمیٹیوں میں سے 2 جب کہ 11 ٹاؤن کمیٹیوں میں سے 5 پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق میونسپل کمیٹی ٹنڈو آدم سے پی پی کے نامزد چیئرمین مرتضیٰ جونیجو اور وائس چیئرمین ملک ذوالفقار بلامقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔ میونسپل کمیٹی سنجھوروپر پی پی کےنامزد امیدوار رانا محمد انور، وائس چیئرمین شیر محمد خاصخیلی فاتح رہے ہیں۔ ضلع کی باقی 6 نشستوں پر 15 جون کو انتخابات ہوں گے۔