پیپلز پارٹی کا ضمنی الیکشن کیلیے امیدواروں سے مشاورت کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ ماہ قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے امیدواروں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کے استعفوں سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر آئندہ ماہ 16 مارچ کو شیڈول ضمنی الیکشن کے حوالے سے امیدواروں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پی پی قیادت نے پنجاب اور کے پی کے اپنے امیدواروں کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے جہاں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو خود ہر امیدوار سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امیدواروں سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد ہی پی پی پی ضمنی الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا تاہم پیپلز پارٹی نے اس سے انحراف کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی جانب خالی نشستوں پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا چکے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن سے پی پی کو قائل کرنے کے لیے آصف زرداری سمیت پیپلز پارٹی قیادت سے کئی ملاقاتیں بھی کیں تاہم وہ انہیں ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر قائل کرنے میں ناکام رہے تھے۔