پیرو میں چوری کی انوکھی واردات ہوئی جہاں چور جلد بازی میں ایک ہی پیر کے تمام جوتے چرا کر فرار ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکی ملک پیرو میں چوروں نے دکان سے 200 قیمتی جوتے چرائے لیکن وہ جلد بازی میں تمام جوتے ایک ہی پیر کے اٹھا لائے۔
دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ ان جوتوں کی قیمت 10 سے 13 ہزار ڈالرز کے درمیان ہے جبکہ چور اسے بیچنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
چوری کی انوکھی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ تین چور آدھی رات کو دکان کے شٹر پر تالے توڑ کر داخل ہوئے اور مختلف برانڈز کے جوتے چرانے کے لیے ٹرائی سائیکل کا استعمال کیا۔
مقامی پولیس چیف ایڈوان ڈیاز کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، اس ڈکیتی کی غیرمعمولی بات یہ ہے کہ صرف دائیں پاؤں کے جوتے چوری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوٹیج اور انگلیوں کے نشانات کی مدد سے ملزمان کو تلاش کرلیں گے۔