پرویز الٰہی کا حکومت کو رانا ثنا اللہ کا ذہنی معائنہ کروانے کا مشورہ

پرویز

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الٰہی نے وفاقی حکومت کو وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ذہنی معائنہ کروانے کا مشورہ دے دیا۔

پرویز الٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کوچیلنج کرنا سورج کو آنکھیں دکھانے کے مترادف ہے، عمران خان سے خوفزدہ ہو کر رانا ثنا اللہ مارو یا مر جاؤ کے نعرے لگا رہا ہے، حکومت ان کا ذہنی معائنہ کروائے۔

صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ (ن) لیگ اپنے مفاد کے لیے معزز ججز کو بدنام کرنے سے باز رہے، شہباز شریف معزز عدلیہ پر تنقید سے پہلے اپنا ماضی بھی یاد رکھیں، یہ وہی شہباز شریف ہیں جو فون کر کے ججز سے مرضی کے فیصلے کراتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور تحفظ پر عدلیہ میں کوئی اختلاف نہیں، تکنیکی امور پر اداروں میں اختلاف رائے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، سب جج صاحبان یکساں طور پر قابل احترام اور آئین کے محافظ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کون ملکی سیاست میں رہے گا اور کون نہیں اللہ ہی بہتر جانتا ہے، سفاک حکمرانوں نے سانحہ 25 مئی کی طرح نیا تماشہ لگا رکھا ہے، ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر کے ملک کی سیر کرائی جا رہی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آٹا سٹنٹ بھی آشیانہ اور لیپ ٹاپ اسکینڈل کی طرح مال بناؤ پروگرام ہے، آٹا سٹنٹ کی آڑ میں شہباز شریف پھر قومی خزانے کو چونا لگا رہے ہیں، وہ جان بوجھ کر ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔